بنگلہ دیش کے خلاف جیت ،پاکستان کے لئے امید پیدا ہو گئی
کولکتہ:آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں پاکستان نے بنگلادیش کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ۔
ایڈن گارڈنز میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا, بنگلادیش کی پوری ٹیم 46 ویں اوور میں 204 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔محمود اللہ 56 رنز بناکر نمایاں رہے۔
پاکستان نے بنگلادیش کا 205 رنز کا ہدف باسانی 33 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا، فخر زمان نے شاندار 81 رنز بنائے، ان کی اننگز میں 7 چھکے شامل تھے۔
بنگلادیش کے خلاف جیت پاکستان ٹیم کی رواں ورلڈکپ میں تیسری کامیابی ہے جبکہ ، پاکستان کے خلاف شکست کے بعد بنگلادیش سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوچکا ہے۔
آئی سی سی ورلڈکپ میں بھارت 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے،جنوبی افریقا 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے،نیوزی لینڈ 8 پوائنٹس کے تیسرے اور آسٹریلیا بھی 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے
بنگلادیش کے خلاف کامیابی کے بعد پاکستان 6 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پانچویں پوزیشن پر آگیا ہے۔
سیمی فائنل میں پہنچنے کے لئے پاکستان کے لیے اپنے بقیہ میچز بہترین رن ریٹ کے ساتھ جیتنا ضروری ہے، وہیں اگر نیوزی لینڈ اپنے بقیہ 3 میچز ہار جائے تو وہ 8 پوائنٹس کے ساتھ گروپ مرحلے کا اختتام کرے گا۔
جبکہ پاکستان اپنے اگلے تین حریفوں کو شکست دینے پر 10 پوائنٹس کے ساتھ ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر سکتا ہے۔