وزیراعظم کی کراچی میں شیری رحمان سے تعزیت، بیٹی کے انتقال پر اظہار افسوس
کراچی: وزیراعظم محمد شہباز شریف کراچی کے دورے کے دوران سینیٹر شیری رحمان کی رہائش گاہ پہنچے، جہاں انہوں نے ان کی بیٹی ماروی ملک کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے سینیٹر شیری رحمان سے ملاقات میں مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اور اہلِ خانہ کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جواں عمر اولاد کے بچھڑنے کا صدمہ والدین کے لیے ناقابلِ برداشت ہوتا ہے اور اس دکھ کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، گورنر سندھ نہال ہاشمی، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ اور وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔