تلہ گنگ میں پٹرول پمپس کی اچانک چیکنگ، پیمانوں اور سٹاک کا معائنہ
تلہ گنگ: اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ سلیمان منشاء نے عوامی شکایات پر ایکشن لیتے ہوئے شہر اور گردونواح میں مختلف پٹرول پمپس کا اچانک معائنہ کیا۔
دورے کے دوران اسسٹنٹ کمشنر نے پٹرول اور ڈیزل کے پیمانوں کی باقاعدہ جانچ کی اور اسٹاک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے خود پیمانے چیک کر کے اس بات کو یقینی بنایا کہ شہریوں کو مقررہ مقدار میں پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔
اس موقع پر پٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کا بھی معائنہ کیا گیا تاکہ کسی قسم کی ذخیرہ اندوزی یا مصنوعی قلت کو روکا جا سکے۔
اسسٹنٹ کمشنر سلیمان منشاء نے پمپ مالکان کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ سرکاری نرخوں اور قوانین کی مکمل پابندی کریں، بصورت دیگر خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی کو بھی شہریوں کے استحصال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔