بجلی سے چلنے والی بسیں اور موٹر سائیکل خریدنے کا منصوبہ آ گیا

0

اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں انرجی سیکیورٹی کو مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ آئندہ سرکاری استعمال کے لیے صرف بجلی سے چلنے والی بسیں اور موٹر سائیکلیں خریدی جائیں گی۔

وزیر اعظم کی زیر صدارت انرجی سیکیورٹی سے متعلق ایک اہم اجلاس جمعرات کو اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں توانائی کے موجودہ حالات اور مستقبل کی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ انرجی سیکیورٹی ملک کی مجموعی منصوبہ بندی کا اہم ستون بن چکی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ موجودہ علاقائی صورتحال کے پیش نظر بروقت اقدامات کے باعث ملک توانائی کے بحران سے محفوظ رہا۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ سرکاری ٹرانسپورٹ کو مرحلہ وار ماحول دوست برقی ذرائع پر منتقل کیا جائے اور الیکٹرک وہیکلز کے لیے چارجنگ اسٹیشنز کے قیام کو تیز کیا جائے۔ انہوں نے شمسی توانائی سے پیدا ہونے والی اضافی بجلی کو محفوظ کرنے کے لیے بیٹری اسٹوریج سسٹمز کے فروغ پر بھی زور دیا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ بیٹریوں کے حصول کو آسان بنانے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جائے اور ملک میں معیاری اسٹوریج بیٹریوں کی مقامی پیداوار کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ نیشنل کوارڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل توانائی کی صورتحال کا روزانہ کی بنیاد پر جائزہ لے رہی ہے۔ اس وقت ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں جبکہ گیس اور تیل کی مقامی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ گرڈ لیول پر بیٹری اسٹوریج کے دو پائلٹ منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ گھریلو سطح پر سولر صارفین کو بیٹری اسٹوریج سسٹم اپنانے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

وزیر اعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ توانائی کے شعبے میں خود کفالت اور پائیدار ترقی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.