طارق رحمان نے بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا
ڈھاکہ: بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ میں منعقدہ باوقار تقریب میں طارق رحمان نے بنگلہ دیش کے وزیرِ اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ ان سے حلف محمد شہاب الدین نے لیا۔
اس موقع پر نئی کابینہ کے 25 وفاقی وزراء اور 24 وزرائے مملکت نے بھی اپنے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا، یوں ملک میں نئی حکومت نے باضابطہ طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
12 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے بعد قائم ہونے والی پارلیمنٹ میں نمایاں تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ ایوان کے تقریباً 76 فیصد ارکان پہلی مرتبہ منتخب ہوئے ہیں، جو سیاسی منظرنامے میں نئے چہروں کی مضبوط موجودگی کو ظاہر کرتا ہے۔ بی این پی اور اس کے اتحادیوں کے 150 نو منتخب اراکین پہلی بار پارلیمان کا حصہ بنے، جبکہ جماعت اسلامی اور اس کے اتحادیوں کے 77 کامیاب امیدواروں میں سے 72 کا تعلق بھی پہلی مرتبہ منتخب ہونے والے ارکان سے ہے۔
سیاسی تاریخ کے تناظر میں یہ پیش رفت بھی اہم ہے کہ 36 برس بعد کسی مرد رہنما نے وزارتِ عظمیٰ کا منصب سنبھالا ہے، جبکہ قائدِ حزبِ اختلاف کا عہدہ بھی طویل عرصے کے بعد کسی مرد سیاستدان کو ملے گا۔ طارق رحمان دو حلقوں، بوگرہ 61 اور ڈھاکہ 17، سے کامیاب ہوئے۔
عبوری انتظامیہ کے سربراہ محمد یونس نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ملک میں جمہوری تسلسل، آزادیِ اظہار اور بنیادی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
ادھر امیر جماعت اسلامی بنگلہ دیش ڈاکٹر شفیق الرحمن نے اعلان کیا کہ ان کی جماعت پارلیمنٹ میں مثبت اور ذمہ دار اپوزیشن کا کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ قومی مفاد کے معاملات پر حکومت سے تعاون کیا جائے گا، تاہم عوامی حقوق کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
تقریبِ حلف برداری میں پاکستان کی نمائندگی وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کی۔

انہوں نے نو منتخب وزیرِ اعظم اور محمد یونس سے الگ الگ ملاقاتیں کیں اور شفاف انتخابات کے انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔ بات چیت میں دوطرفہ تجارت کے فروغ، عوامی روابط کے استحکام اور براہِ راست فضائی روابط کی بحالی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان مشترکہ تاریخی ورثے اور باہمی احترام کی بنیاد پر بنگلہ دیش کے ساتھ مضبوط، دیرپا اور مستقبل بین شراکت داری کا خواہاں ہے۔
ڈھاکہ میں ان کی گاڑی پر پاکستانی پرچم دیکھ کر شہریوں، خصوصاً نوجوانوں، نے خیرسگالی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب،صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے تہنیتی پیغام میں طارق رحمان کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد دی اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ اور خطے میں امن و استحکام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔