بھنگالی شریف اڈا کے قریب ہائی ایس میں آتشزدگی، مسافر معجزانہ طور پر محفوظ
چکوال :چکوال کے علاقے بھنگالی شریف اڈا کے قریب راولپنڈی سے چکوال آنے والی ایک ہائی ایس وین میں اچانک کانٹیکٹ شارٹ سرکٹ کے باعث آگ بھڑک اٹھی۔
خوش قسمتی سے ڈرائیور کی بروقت سمجھ بوجھ اور فوری ایکشن کے باعث تمام مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے اور کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
عینی شاہدین کے مطابق ہائی ایس وین معمول کے مطابق چکوال کی جانب رواں دواں تھی کہ بھنگالی شریف اڈا کے قریب پہنچتے ہی گاڑی کے نیچے سے دھواں اٹھنے لگا۔
ڈرائیور نے بروقت گاڑی سڑک کے کنارے روک کر تمام مسافروں کو باہر نکلنے کی ہدایت کی۔ چند ہی منٹوں بعد وین کے اندر آگ بھڑک اٹھی جس سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا۔
ریسکیو 1122 اور مقامی پولیس اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ گئی اور فائر فائٹنگ ٹیم نے آگ پر مکمل قابو پالیا۔
ابتدائی رپورٹ کے مطابق حادثہ الیکٹرک وائرنگ میں خرابی یا شارٹ سرکٹ کے باعث پیش آیا ہے، تاہم مزید تحقیقات جاری ہیں۔
مسافروں نے بروقت کارروائی پر ڈرائیور اور ریسکیو عملے کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اگر تاخیر ہوجاتی تو ایک بڑا حادثہ پیش آسکتا تھا۔