تلہ گنگ :جماعت اسلامی کا مہنگائی اور واسا بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
تلہ گنگ : جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ضلع تلہ گنگ میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ٹریفک چوک تلہ گنگ میں مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور واسا کے مبینہ ظالمانہ بلوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
احتجاج میں جماعت اسلامی کے کارکنان، مقامی رہنماؤں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی، اضافی ٹیکسز اور واسا بلوں کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین سے جماعت اسلامی پنجاب شمالی کے نائب سیکرٹری جنرل اویس اسلم مرزا، جماعت اسلامی ضلع تلہ گنگ کے امیر پروفیسر محمد طاہر ملک، ضلع تلہ گنگ کے قیم مولانا سلطان العارفین، جماعت اسلامی تحصیل تلہ گنگ کے امیر ملک محمد خان اور جماعت اسلامی تحصیل لاوہ کے امیر حافظ عبدالرؤف نے خطاب کیا۔
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واسا کے ناجائز بل عوام پر اضافی بوجھ ہیں اور جماعت اسلامی عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلہ گنگ کے عوام مہنگائی، بڑھتے ہوئے ٹیکسز اور حکومتی پالیسیوں سے شدید متاثر ہیں۔
رہنماؤں کا کہنا تھا کہ احتجاج میں عوام کی بڑی تعداد کی شرکت اس امر کی عکاس ہے کہ لوگ موجودہ مہنگائی اور معاشی دباؤ سے تنگ آ چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حافظ نعیم الرحمان مہنگائی کے خلاف اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہیں تو تلہ گنگ کے عوام بھرپور انداز میں اس میں شرکت کریں گے۔