تلہ گنگ:مویشی منڈی کے قریب حادثہ دو افراد جاں بحق
تلہ گنگ: تلہ گنگ کے علاقے مویشی منڈی کے قریب ایک انتہائی افسوسناک اور ہولناک ٹریفک حادثہ پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار بائیس ویلر ٹریلر مبینہ طور پر بریک فیل ہونے کے باعث بے قابو ہو گیا اور اپنے سامنے موجود متعدد گاڑیوں سے جا ٹکرایا۔ حادثے کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق جبکہ دو شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب بائیس ویلر ٹریلر نے کنٹرول کھو دیا اور شہزور، کار، مزدا سمیت ایک کھڑے ٹریلر سے ٹکرا گیا۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ کئی گاڑیاں بری طرح تباہ ہو گئیں اور موقع پر خوف و ہراس پھیل گیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 چکوال نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سب اسٹیشن تلہ گنگ سے دو ایمبولینسز اور مرکزی اسٹیشن سے ریسکیو گاڑی روانہ کی۔ امدادی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں اور جاں بحق افراد کو گاڑیوں سے نکالا اور ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت محمد بلال ولد محمد انور، سکنہ کوٹ ادو، اور وسیلہ ولد سمیع اللہ، سکنہ لکی مروت کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی افراد کو تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا۔
علاقہ مکینوں نے تیز رفتار ہیوی ٹریفک اور حفاظتی اقدامات کی کمی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔