صدر زرداری اور شہباز شریف کی ملاقات، قومی و علاقائی صورتحال پر مشاورت

0

اسلام آباد: صدرِ آصف علی زرداری سے وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ایوانِ صدر میں اہم ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی، معاشی اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیرِداخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیرِقانون اعظم نذیر تارڑ، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین بھی شریک تھے۔

 ملاقات میں افغانستان سے متعلق امور، سرحدی صورتحال، خطے میں بدلتی ہوئی سیاسی و سفارتی پیش رفت اور مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے ممکنہ اثرات پر غور کیا گیا۔ شرکاء نے قومی سلامتی، داخلی استحکام اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔

اجلاس میں معرکۂ حق کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا جبکہ پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور ملکی دفاع کیلئے خدمات کو سراہا گیا۔ قومی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔


صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ موجودہ علاقائی اور عالمی حالات کے تناظر میں حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہونی چاہیے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی، عالمی سپلائی چین میں رکاوٹوں اور مشکل جغرافیائی صورتحال کے باوجود اشیائے ضروریہ کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
صدرِ مملکت نے مہنگائی کے دباؤ میں کمی کیلئے مؤثر اقدامات کرنے، عوامی فلاح کے منصوبوں کو تیز کرنے اور عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر زور دیا۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بنیادی ضروریات کی قیمتوں کو قابو میں رکھنے اور مارکیٹ میں استحکام یقینی بنانے کیلئے مربوط حکمتِ عملی اپنائی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.