وزیراعظم کا سرمایہ کاری کے فروغ پر زور، ڈیجیٹائزیشن تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی کے لیے سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے قیام سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
منگل کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ریگولیٹری عمل کو آسان اور کم خرچ بنایا جائے تاکہ سرمایہ کاری کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے حکومت اور سرمایہ کاروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے لائسنسنگ اور دیگر سرکاری خدمات تک رسائی کے نظام کو تیزی سے ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال جولائی سے مارچ تک ملکی برآمدات میں خصوصی اقتصادی زونز کا حصہ 3.7 فیصد رہا، جبکہ مالی سال 2028 تک اسے 8 فیصد تک بڑھانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے بزنس ریڈی ایکشن پلان تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ سرمایہ کاروں کے لیے اجازت ناموں کے حصول کو آسان بنانے کے لیے پاکستان ریگولیٹری رجسٹری قائم کی جا رہی ہے۔
حکام کے مطابق اس وقت ملک میں 21 خصوصی اقتصادی زونز فعال ہیں، جن کی تعداد جون 2026 تک بڑھ کر 26 ہو جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آسان کاروبار ایکٹ کے تحت سرخ فیتے کا خاتمہ اور ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید بہتر بنائے گی۔