بجلی کی لوڈ شیڈنگ ختم ہو گئی،اویس لغاری کا اعلان
اسلام آباد: وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے ملک میں بجلی کی لوڈ مینجمنٹ کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایل این جی کی بروقت فراہمی کے بعد صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے اور اب بجلی کی فراہمی معمول پر آ گئی ہے۔
اپنے ایک اہم پیغام میں انہوں نے کہا کہ حالیہ دنوں میں گیس کی کمی کے باعث محدود وقت کے لیے لوڈ شیڈنگ کرنا پڑی، تاہم حکومت نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہنگی بجلی پیدا کرنے کے بجائے عوامی مفاد کو ترجیح دی تاکہ صارفین پر اضافی مالی بوجھ نہ پڑے۔
وفاقی وزیر کے مطابق پن بجلی کی پیداوار میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے جو اب بڑھ کر تقریباً 6000 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے، جس سے بجلی کے نظام کو مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بروقت اقدامات کے ذریعے توانائی کے شعبے میں بہتری کو یقینی بنایا ہے۔
سردار اویس لغاری نے عوام کو یقین دلایا کہ وزارت توانائی مستقبل میں بھی بجلی کی بلا تعطل فراہمی اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی، تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔