لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی بھی شرکت
راولپنڈی : بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیر اعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،وفاقی وزیر برائے داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ اعلیٰ سول و عسکری افسران، لواحقین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کاتعلق ضلع سرگودھا سے تھا ،اس بہادر سپوت نے گزشتہ روز بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردوں کے خلاف اپنی ٹیم کی قیادت کرتے ہوئے زخمی ہونے کے بعد جام شہادت نوش کیا۔
وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی غیر معمولی بہادری، فرض شناسی اور وطن کے دفاع کے لیے ثابت قدم عزم کو سراہا۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج قوم کی مکمل حمایت کے ساتھ ملک سے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی اور اس کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں اور پاکستان کے امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے غیر متزلزل وابستگی کی عکاس ہیں۔شہید کو ان کے آبائی گاؤں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
پاکستان کی مسلح افواج اور عوام شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور سوگوار خاندان سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔