غریب و متوسط طبقے کے لئے”وزیراعظم اپنا گھر سکیم‘‘کا باقاعدہ اجراء

0

اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبازشریف نےملک کے غریب و متوسط طبقے کو اپنی چھت کے حصول کے لئے ’’ وزیراعظم اپنا گھر سکیم ‘‘کا باقاعدہ اجراء کر دیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ عام آدمی کو چھت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے ،سکیم کے تحت ایک کروڑ روپے تک کا قرض آسان شرائط پر دستیاب ہو گا ، پہلے سال 50ہزار گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،آئندہ چار برسوں میں ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہو گا ، 10 مرلے تک گھر تعمیر کئے جاسکیں گے اور اس کے لئے فنانسنگ کا حجم 3.2کھر ب روپے ہو گا ۔

قرضے کی واپسی کی مدت 20سال ہو گی پہلے 10سال مارک اپ 5فیصد اور اگلے 10سال مارک اپ مارکیٹ کی شرح کے مطابق ہو گا ، سکیم کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ہو گا، تعمیراتی شعبے سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ،سکیم پر عملدرآمد کا ہر مہینے خود جائزہ لوں گا۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعرات کو یہاں وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار ، وفاقی وزراء ، ارکین پارلیمنٹ اور دیگر نے شرکت کی ۔

وزیراعظم نے اپنا گھر سکیم کے تحت قرض حاصل کرنے والے کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی ۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے اجراء کی تقریب میں شرکت میرےلئے باعث مسرت ہے ، عوام کو اپنا گھر فراہم کرنا کسی بھی حکومت اور ریاست کا بنیادی اور مقدس فریضہ ہے ، پاکستان کی 24کروڑ آبادی میں سے بڑی تعداد اپنی چھت سے محروم ہیں ، اس حوالے سے آج کی یہ تقریب انتہائی یادگار ہے ، اس سکیم کے اجراءکے لئے بہت زیادہ محنت کی گئی ہے اور بہت سے مسائل درپیش تھے لیکن انہیں نجی شعبے کی مشاورت اور دیگر متعلقہ افراد اور حکام کے تعاون سے حل کیا گیا ہے ۔

وزیراعظم نے کہاکہ ایک نوجوان ڈرائیور غلام حسین کو بھی اللہ تعالیٰ نے اپنا گھر بنانے کا موقع فراہم کیا ہے اور اسے قرض ملا ہے ، چیکس حاصل کرنے والوں میں آزاد جموںو کشمیر اور خیبر پختونخوا کے لوگ بھی شامل ہیں ، اس سکیم کا اطلاق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی ہو گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ’’ گھر ہو تو اپنا ‘‘اس سکیم کا تسلسل ہے جس کا میں نے پنجاب سے آغاز کیا تھا اور اس کا نام آشیانہ رکھا گیا تھا اوراس کا موثر آغاز کیا گیا تھا اور مختلف مقامات پر خود اس سکیم کا سنگ بنیاد رکھا اور چابیاں لوگوں کے حوالے کیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ اس سکیم کے تحت پہلے سال 50ہزار گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 321ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، بھر پور تعاون اور معاونت پروفاقی وزیر خزانہ، وفاقی وزیرہائوسنگ اور گورنر سٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔آئندہ چار برسوں میں ہمارا ہدف 5 لاکھ گھروں کا ہو گا ۔

سکیم کے تحت 10 مرلے تک گھر تعمیر کئے جاسکیں گے اور اس کے لئے فنانسنگ کا حجم 3.2کھر ب روپے ہو گا ۔وزیراعظم نے کہاکہ وہ ہر مہینے اس سکیم کا جائزہ لیں گے تاکہ اگرکسی قسم کی کوئی رکاوٹ ہو تو اسے دور کیا جائے اور ادائیگیاں بروقت ہوں،

وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت قرض کے حصول کا طریقہ کار آسان بنایا گیا ہے ۔قرضے کی واپسی کی مدت 20سال ہو گی پہلے 10سال مارک اپ 5فیصد اور اگلے 10سال مارکیٹ کی شرح کے مطابق ہو گا ، ایک کروڑ روپےتک قرضہ لیا جاسکے گا ،زیادہ قرضہ فراہم کرنے والے بینکوں کو 14اگست کوقومی ایوارڈ دیا جائے گا اور جو بینکس اس میں کوتاہی کا مظاہرہ کریں گے ان کے ساتھ کوئی رعایت نہیں ہو گی ،

وزیرعظم نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں بھی مختلف سکیموںکو شامل کیا جائے گا ، تعمیراتی شعبے سے معیشت کا پہیہ چلتا ہے اس سے بہت سے شعبے جڑے ہوتے ہیں ، اس سے ہماری صنعت و حرفت کو ترقی ملتی ہے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع میسر آتے ہیں ۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت برآمد کنندگان کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے ، چند ماہ قبل ملک کے ممتاز برآمد کنندگان میں ٹرافیاں تقسیم کیں اور انہیں ملک کے عمومی سفیر بھی بنایا جبکہ ان کے لئے 2 سال کے بلیو پاسپورٹ کا بھی اجراء کیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ہائوسنگ و تعمیرات ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ ایک سال کی انتھک محنت کے بعد وزیراعظم اپنا گھر سکیم کا اجراء کیا جارہاہے ۔ اپنا گھر تعمیر کرنے کے خواہش مند افراد کے لئے یہ حکومت کا تحفہ ہے ۔سکیم کے اجراء میں وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔

وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے کامیاب اجراء پرمیری ٹیم کی انتھک محنت قابل ستائش ہے ، سکیم کے لئے نائب وزیراعظم اور وزیر خزانہ سمیت کابینہ ارکان کا بھر پور تعاون رہا ۔سکیم سے لوگوں کو باعزت اور محفوظ رہائش میسر آئے گی ۔

تقریب میں وزیراعظم اپنا گھر سکیم کا باقاعدہ اجراء کیا، اس موقع پر وزیراعظم اپنا گھر سکیم کے تحت اہل افراد میں مختلف بینکوں کے چیکس بھی تقسیم کئے گئے ۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.