وائٹ ہاؤس میں فائرنگ کرنے والے شخص کی شناخت ہو گئی
واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی موجودگی میں پریس ڈنر کے دوران فائرنگ کے واقعے کے بعد گرفتار کیے گئے مشتبہ حملہ آور سے متعلق اہم معلومات سامنے آ گئی ہیں۔
امریکی حکام کے مطابق گرفتار شخص کا تعلق کیلیفورنیا سے ہے اور اس کی عمر 31 سال بتائی جا رہی ہے۔ ملزم کی شناخت کول ٹوماس ایلن کے نام سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس کے قبضے سے متعدد ہتھیار برآمد ہوئے جن میں شاٹ گن، پستول اور چاقو شامل ہیں۔ اس نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملے کی کوشش بھی کی۔

واقعے کے دوران ایک سیکرٹ سروس اہلکار زخمی ہوا تاہم بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے اس کی جان محفوظ رہی۔ سیکیورٹی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے حملہ آور کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کی رہائش گاہ کیلیفورنیا میں بھی تلاشی لی گئی۔
امریکی اٹارنی جنرل کے مطابق ملزم کو پیر کے روز عدالت میں پیش کیا جائے گا اور اس پر دو الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ اس وقت اسے طبی امداد بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈی سی پولیس چیف نے بتایا کہ حملہ آور کے مقاصد ابھی تک واضح نہیں ہو سکے۔ دوسری جانب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی بروقت کارروائی سے بڑی تباہی اور ممکنہ جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔