واشنگٹن، وائٹ ہاؤس کرسپونڈنٹس ڈنر میں فائرنگ، صدر ٹرمپ محفوظ مقام پر منتقل

0

واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کرسپونڈنٹس ایسوسی ایشن کے سالانہ عشائیے کے دوران فائرنگ کی آوازیں سنائی دینے سے شدید خوف و ہراس پھیل گیا، جس کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فوری طور پر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔


یہ واقعہ واشنگٹن کے ایک معروف ہوٹل میں پیش آیا، جہاں سینکڑوں صحافیوں، سرکاری عہدیداروں اور اہم شخصیات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی فائرنگ کی آواز آئی، ہال میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ اپنی جان بچانے کے لیے میزوں کے نیچے چھپ گئے، جبکہ سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر حرکت میں آ گئے۔

 بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایک مشتبہ شخص کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔ تاہم ابتدائی اطلاعات کے مطابق کسی بھی شریک کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔


واقعے کے وقت نائب صدر جے ڈی وینس، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ سمیت متعدد اعلیٰ حکام بھی تقریب میں موجود تھے، جنہیں بعد ازاں محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہی مقام ماضی میں بھی ایک اہم واقعے کا گواہ رہ چکا ہے، جہاں 1981 میں سابق امریکی صدر رونالڈ ریگن پر قاتلانہ حملہ کیا گیا تھا۔


فائرنگ کے کچھ دیر بعد صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صورتحال پر قابو پانے اور سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی پر اطمینان کا اظہار کیا، جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.