وفود کی آمد جاری،امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کا آغاز آج ہو گا
اسلام آباد: امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کے لیے وفود کی امد کا سلسلہ جاری ہے ،پاکستان کی میزبانی میں اہم مذاکرات کا آغاز آج ہو گا۔
مذاکرات کا ابتدائی مرحلہ آج وفود کی سطح پر ہوگا، جبکہ مرکزی اور فیصلہ کن دور کل ہفتے کے روز ہو گا۔

امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کریں گے، جبکہ ان کے ہمراہ سٹیو وٹکوف اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر بھی شامل ہوں گے۔
دوسری جانب ایرانی وفد کی نمائندگی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر باقر قالیباف کریں گے، جو اہم مذاکرات میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مذاکرات کے مقام کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔
ادھر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکا کی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ امور اور مذاکرات سے متعلق تیاریوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ امریکی وفد کے ارکان پاکستان کے خصوصی مہمان ہوں گے اور ان کے لیے اعلیٰ سطح کے انتظامات کیے گئے ہیں۔
یہ مذاکرات خطے میں حالیہ کشیدگی اور جنگ بندی کے بعد انتہائی اہمیت اختیار کر گئے ہیں، جن سے خطے میں پائیدار امن کی راہ ہموار ہونے کی توقع کی جا رہی ہے۔