اسلام آباد مذاکرات،غیر ملکی وفود اور صحافیوں کے لیے بڑی سہولت، آن آرائیول ویزہ دیا جائے گا
اسلام آباد: حکومتِ پاکستان نے امریکہ اور ایران کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات کی کوریج کے لیے آنے والے غیر ملکی صحافیوں اور وفود کو بڑی سہولت فراہم کر دی ہے، جس کے تحت ویزہ پالیسی میں نرمی کرتے ہوئے آن ارائیول ویزہ کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کی کوریج کے لیے آنے والے بین الاقوامی صحافیوں کو ایئرپورٹ پر ہی آن ارائیول ویزہ جاری کیا جائے گا۔
دریں اثنا دفتر خارجہ کے ترجمان طاہر حسین اندرابی نے اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کےلئے ویزا فری سہولت سے متعلق میڈیا کے استفسارات کے جواب میں کہا ہے کہ پاکستان نے اسلام آباد مذاکرات 2026 میں شرکت کرنے والے ممالک یعنی ایران اور امریکہ سے تعلق رکھنے والے مندوبین اور صحافیوں کےلئے ویزا فری سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔ جمعہ کو ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ سہولت صرف مذاکرات کے دورانیے تک محدود ہوگی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ یہ سہولت کسی تیسرے ملک کے شہریوں پر لاگو نہیں ہوگی۔
آن ارائیول ویزہ کے سلسلے میں ملک کے اہم ایئرپورٹس پر خصوصی فیسلیٹیشن سینٹرز بھی قائم کر دیے گئے ہیں، جہاں صحافیوں اور غیر ملکی وفود کو فوری ویزہ اجرا سمیت دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔