پاکستان اقوام عالم میں سر فخر سے بلند کئےترقی و خوشحالی کا سفر جاری رکھے گا، شہباز شریف

0

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 1973 کا آئین وفاق پاکستان اور قومی اتحاد کی روشن علامت ہے، جو ملک میں جمہوری استحکام، قومی یکجہتی اور ترقی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

یومِ دستور 10 اپریل 2026 کے موقع پر وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج کا دن قوم کے لیے تاریخی اہمیت رکھتا ہے، جب ہم آئینِ پاکستان 1973 کی منظوری کو قومی جذبے کے ساتھ یاد کرتے ہیں۔

انہوں نے دستور کے معماروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین عوام اور ریاست کے درمیان ایک مقدس معاہدہ ہے، جو دونوں کے حقوق و فرائض کا واضح تعین کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ 10 اپریل 1973 کو منظور ہونے والے متفقہ آئین نے ملک میں پارلیمانی جمہوری نظام کی مضبوط بنیاد رکھی اور ریاستی اداروں کے مؤثر ڈھانچے کو یقینی بنایا۔ یہ آئینی دستاویز نہ صرف شہریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دیتی ہے بلکہ ان کے تحفظ کے لیے مکمل قانونی طریقہ کار بھی فراہم کرتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تمام ریاستی اکائیاں آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے قومی یگانگت، معاشی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ذمہ داری سے ادا کر رہی ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک کا روشن مستقبل قومی اتحاد، آئین کی بالادستی اور مشترکہ کوششوں سے وابستہ ہے۔
اپنے پیغام کے اختتام پر وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا اور دنیا میں عزت و وقار کے ساتھ اپنا مقام مزید مستحکم کرے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.