رکن قومی اسمبلی محمد الیاس چوہدری کی پارلیمانی سیکرٹری گل اصغر خان بگھور سے ملاقات، ترقیاتی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال

0

اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ (ق) کے گجرات سے رکن قومی اسمبلی محمد الیاس چوہدری نے وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے مواصلات، ایم این اے انجینئر گل اصغر خان بگھور سے اہم ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، حلقہ جاتی مسائل اور جاری و مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر خطے میں عوامی سہولیات کی بہتری اور انفراسٹرکچر کی ترقی سے متعلق مختلف تجاویز بھی زیر غور آئیں۔

محمد الیاس چوہدری نے بالخصوص گجرات کے جی ٹی روڈ کو درپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جی ٹی روڈ کی بحالی اور بہتری نہ صرف مقامی عوام بلکہ بین الاضلاعی ٹریفک کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری انجینئر گل اصغر خان بگھور نے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات جاری کیں اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی مشکلات کے ازالے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سڑکوں کے معیار کو بہتر بنانے اور ٹریفک کی روانی کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.