اسحاق ڈار کل چین کا اہم دورہ کریں گے

0

اسلام آباد:نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کل منگل کو چین کے اہم سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ یہ دورہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان قریبی سفارتی روابط کو مزید مستحکم بنانا ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور چین کے درمیان ہر موسم کی مضبوط اسٹریٹجک شراکت داری قائم ہے، جو باہمی اعتماد، قریبی تعاون اور علاقائی و عالمی امور پر مسلسل مشاورت سے عبارت ہے۔ دونوں ممالک نہ صرف اہم علاقائی مسائل پر یکساں مؤقف رکھتے ہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک دوسرے کے ساتھ ہم آہنگی برقرار رکھتے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دورے کے دوران نائب وزیراعظم اپنے چینی ہم منصب کے ساتھ علاقائی صورتحال، دوطرفہ تعلقات اور عالمی سطح پر باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے۔ اس کے علاوہ اقتصادی تعاون، سیکیورٹی، اور دیگر اہم شعبوں میں اشتراک کو مزید فروغ دینے کے امکانات بھی زیر غور آئیں گے۔

یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر پاکستان اور چین کے درمیان قریبی رابطے انتہائی اہمیت اختیار کر چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگی۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ نائب وزیراعظم اس دورے پر ایسے وقت روانہ ہو رہے ہیں جب انہیں حال ہی میں کندھے میں معمولی فریکچر کے باعث ڈاکٹروں نے آرام کا مشورہ دیا تھا، تاہم اس کے باوجود ان کا یہ فیصلہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے تعلقات کو کس قدر اہمیت دیتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.