صدر زرداری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، معیشت، توانائی اور علاقائی صورتحال کا تفصیلی جائزہ

0

اسلام آباد: صدر آصف علی زرداری کی زیر صدارت ایوانِ صدر میں ایک اعلیٰ سطح کا اہم مشاورتی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملک کی معاشی صورتحال، توانائی کے شعبے اور خطے کی بدلتی سکیورٹی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔


اجلاس میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اہم وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ شرکاء میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور وزیر اقتصادی امور احد چیمہ بھی شامل تھے۔

اجلاس میں عالمی سطح پر تیل و گیس کی فراہمی میں رکاوٹوں اور قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پاکستان کی معیشت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے، مہنگائی کے دباؤ کو کم کرنے اور کفایت شعاری اقدامات کے ذریعے اخراجات پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔


اجلاس کے دوران توانائی کے تحفظ کو یقینی بنانے اور عوام پر مہنگائی کے اثرات کم کرنے پر خصوصی زور دیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقائی سکیورٹی صورتحال، معاشی منظرنامے اور غذائی تحفظ پر ممکنہ اثرات کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مربوط حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔ پالیسی فیصلوں میں استحکام، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی اتفاقِ رائے کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔


شرکاء نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوامی آگاہی مہم کے ذریعے ایندھن کے محتاط استعمال، پبلک ٹرانسپورٹ کے فروغ اور مشترکہ سفری نظام (شیئرڈ رائیڈز) کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ توانائی کے وسائل پر دباؤ کم کیا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.