تلہ گنگ: سینئر صحافی کے گھر لاکھوں کی چوری، ملزمان فرار
تلہ گنگ کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع محلہ محمد آباد میں سینئر صحافی حافظ امتیاز کے گھر چوری کی سنگین واردات پیش آئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان رات کی تاریکی میں گھر کے تالے توڑ کر اندر داخل ہوئے اور لاکھوں روپے مالیت کا سامان لے گئے۔
ذرائع کے مطابق چور گھر میں موجود بکسے سے تقریباً ساڑھے چھ لاکھ روپے نقدی، ڈھائی تولے سونا اور نئے قیمتی کپڑے چرا کر فرار ہوگئے۔ واردات کے بعد ملزمان بآسانی جائے وقوعہ سے نکلنے میں کامیاب رہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
دوسری جانب اہلِ علاقہ نے بڑھتی ہوئی چوری کی وارداتوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے اور علاقے میں پولیس گشت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔