چکوال/تلہ گنگ: عیدالفطر پر فول پروف انتظامات، ٹرانسپورٹ مانیٹرنگ سخت کرنے کا فیصلہ
چکوال/تلہ گنگ: ڈپٹی کمشنر سارہ حیات کی زیر صدارت عیدالفطر کے انتظامات کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں عید کے دوران شہریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے اور امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی طے کی گئی۔
اجلاس میں پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں کی سخت نگرانی کا فیصلہ کیا گیا، جبکہ زائد کرایہ وصولی اور اوورلوڈنگ کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت جاری کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ کسی بھی خلاف ورزی پر ٹرانسپورٹرز کے خلاف بلاامتیاز قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید برآں، عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے بس اڈوں اور ویگن اسٹینڈز پر گاڑیوں کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی
۔ شہر اور گردونواح میں صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے پر بھی زور دیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر نے عیدگاہوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر خصوصی انتظامات مکمل کرنے اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کی۔
شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے خصوصی سکواڈز متحرک کر دیے گئے ہیں جبکہ مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر بنا دیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید کے دوران کسی بھی قسم کی شکایت، زائد کرایہ وصولی یا بدانتظامی کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کریں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔