اسحاق ڈار آج سے ریاض کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار آج سے ریاض کا دو روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ پاکستان کے مطابق یہ دورہ سعودی وزیر خارجہ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے، جس کے دوران وہ خطے کے ممالک کے وزرائے خارجہ کے اہم اجلاس میں شرکت کریں گے۔
دورے کے دوران نائب وزیرِ اعظم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خطے کے برادر ممالک کی علاقائی سالمیت، خودمختاری اور سیاسی آزادی کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔ وہ مختلف علاقوں میں جاری کشیدگی اور حملوں کے خاتمے پر زور دیتے ہوئے فوری جنگ بندی اور تنازعات کے حل کے لیے سفارتکاری اور مذاکرات کی اہمیت اجاگر کریں گے۔
بیان کے مطابق محمد اسحاق ڈار پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں کو بھی نمایاں کریں گے اور اس عزم کا اظہار کریں گے کہ پاکستان خطے کو درپیش سکیورٹی چیلنجز کے حل کے لیے اپنا مؤثر کردار جاری رکھے گا۔