تلہ گنگ،اسسٹنٹ کمشنر کا سہولت بازار اور مریم نواز ہیلتھ کلینک بڈھیال کا دورہ
تلہ گنگ: اسسٹنٹ کمشنر تلہ گنگ سلیمان منشاء نے سہولت بازار تلہ گنگ کا دورہ کر کے اشیائے ضروریہ کی دستیابی، معیار اور قیمتوں کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران انہوں نے مختلف سٹالز کا معائنہ کیا اور عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انتظامیہ کی جانب سے فراہم کردہ اشیاء کی دستیابی اور انتظامات مجموعی طور پر تسلی بخش پائے گئے۔

بعد ازاں اسسٹنٹ کمشنر نے مریم نواز ہیلتھ کلینک بڈھیال کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے طبی سہولیات اور انتظامی امور کا معائنہ کیا۔ دورے کے دوران کلینک کا عملہ اپنی ڈیوٹی پر موجود تھا جبکہ ادویات کا مطلوبہ اسٹاک بھی دستیاب پایا گیا۔ اس موقع پر کلینک میں صفائی کی صورتحال کو بھی انتہائی تسلی بخش قرار دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ کلینک کی نئی عمارت کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جس کی تکمیل کے بعد علاقے کے عوام کو مزید بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں گی۔
انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کو معیاری اور بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔