تلہ گنگ، ٹریکٹر ٹرالی سے تصادم، 8 سالہ بچی جاں بحق، 5 افراد زخمی
تلہ گنگ: تلہ گنگ میانوالی روڈ پر میال کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان ہونے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں ایک کمسن بچی جاں بحق جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔

حادثے کے نتیجے میں 8 سالہ شازیہ بتول موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی، جبکہ 5 سالہ نین بتول کے سر میں شدید چوٹ آئی۔ دیگر زخمیوں میں راحت بتول، سبیلہ رضوان اور محمد رئیس شامل ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں نے جاں بحق بچی اور زخمیوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا، جہاں زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق متاثرہ خاندان کار میں پچنند سے راولپنڈی جا رہا تھا کہ میال کے قریب کار اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان تصادم پیش آ گیا جس کے نتیجے میں یہ افسوسناک حادثہ رونما ہوا۔