عالمی صورتحال کے تناظر میں معاشی استحکام کے اقدامات تیز، وزیراعظم کی پیٹرولیم کمپنیوں کو واضح ہدایات
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت عالمی سطح پر بڑھتی کشیدگی کے تناظر میں ملکی معیشت کے استحکام اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی دستیابی، قیمتوں کی نگرانی اور کفایت شعاری کے حکومتی اقدامات پر تفصیلی غور کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے لیے مختلف تجاویز اور اقدامات زیر غور ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کے بروقت اور مؤثر فیصلوں کی بدولت ملک میں اس وقت پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں اور عوام کو تیل کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدلتی عالمی صورتحال کے پیش نظر معاشی استحکام کے لیے قائم کی گئی خصوصی کمیٹی کے فیصلوں نے تیل کی سپلائی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قومی سطح پر کفایت شعاری اور وسائل کی بچت کے اقدامات پہلے ہی نافذ کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید اقدامات پر بھی کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ان تمام اقدامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تھرڈ پارٹی آڈٹ کا نظام مؤثر انداز میں نافذ کیا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام اور عوامی ریلیف حکومت کی اولین ترجیح ہے اور تمام فیصلے فوری ریلیف کے ساتھ ساتھ طویل مدتی معاشی استحکام کو مدنظر رکھتے ہوئے کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حکومت عالمی سطح پر جاری کشیدگی کے باوجود ہر ممکن صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پیٹرولیم مصنوعات کی تقسیم کار کمپنیوں کو ہدایت کی کہ وہ حکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر تیل کی فروخت یقینی بنائیں اور اس عمل میں مکمل شفافیت برقرار رکھیں۔
اجلاس میں حکام کی جانب سے وزیراعظم کو ملک میں موجود تیل کے ذخائر، پیٹرولیم مصنوعات کی درآمدات اور عوام کو ریلیف دینے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ حکومت تیل کی مقررہ قیمت پر فروخت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے۔
حکام نے مزید آگاہ کیا کہ تیل کی دستیابی اور قیمتوں سے متعلق شکایات کے اندراج کے لیے موبائل ایپ پاک ایپ Pak App میں خصوصی فیچر شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ملک کے کسی بھی حصے میں تیل کی عدم دستیابی یا مہنگے داموں فروخت کی شکایت متعلقہ حکام تک پہنچا سکتے ہیں، جس پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اجلاس کے شرکاء نے گزشتہ جمعہ کو وزیراعظم کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید اضافہ نہ کرنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے اسے عوام کے لیے اہم ریلیف قرار دیا۔
اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔