سرکاری ملازمین کے لئے خوشخبری ،تنخواہ عید سے پہلے ملے گی
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی سرکاری ملازمین کو عیدالفطر سے قبل تنخواہوں کی ادائیگی کا فیصلہ کر لیا گیا ہے تاکہ ملازمین عید کی تیاریوں میں کسی مالی پریشانی کا سامنا نہ کریں۔
پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وفاقی سرکاری ملازمین کو عیدالفطر 2026 کی تعطیلات سے پہلے تنخواہیں ادا کی جائیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایات کی روشنی میں تمام وفاقی سرکاری محکموں کو تنخواہوں کی قبل از وقت ادائیگی کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں متعلقہ اداروں نے ادائیگی کے عمل کو بروقت مکمل کرنے کے لیے انتظامی کارروائی کا آغاز بھی کر دیا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد عیدالفطر سے قبل سرکاری ملازمین کو سہولت فراہم کرنا اور انہیں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ عید کی خوشیوں کی تیاری کا موقع دینا ہے۔