صدر زرداری کی ہونان قیادت سے ملاقاتیں،ہونان ٹی گروپ کمپنی کا بھی دورہ
چانگشا: صدر آصف علی زرداری نے چین کے صوبہ ہونان کے پارٹی سیکرٹری شین شیاؤمنگ اور گورنر ماؤ ویمنگ سے ملاقاتیں کیں، جن میں پاک چین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقاتوں کے دوران زراعت، صحت، تعلیم اور تجارت کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دی جائے اور باہمی شراکت داری کو نئی جہت دی جائے۔
صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ پاک چین تعلقات پاکستان کی
خارجہ پالیسی کا اہم ستون ہیں اور یہ رشتہ نسلوں پر محیط ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے عوام گہرے رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور دونوں ممالک کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
صدر آصف علی زرداری نے زرعی ٹیکنالوجی اور آلات کے میدان میں صوبہ ہونان کی مہارت کو سراہتے ہوئے اسے پاکستان کی زرعی اور صنعتی پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے نہایت موزوں قرار دیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تجارت کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

ہونان کی قیادت نے بتایا کہ صوبے کی جامعات پاکستانی اداروں کے ساتھ 12 تعاون کے معاہدے کر چکی ہیں جبکہ 959 پاکستانی طلبہ مختلف شعبوں میں ہونان میں زیر تعلیم ہیں۔ گورنر ہونان نے پاک چین دوستی کو مثالی قرار دیا۔
صدر مملکت نے گورنر ماؤ ویمنگ کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ صوبہ ہونان کو ماؤ زیڈانگ کی جائے پیدائش ہونے کی وجہ سے خصوصی اہمیت حاصل ہے، اور "طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں” کا نظریہ پاکستانی عوام کے لیے بھی قابل احترام ہے۔
دورہ چانگشا کے دوران صدر مملکت نے حنان ٹی گروپ کمپنی لمیٹڈ کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں کمپنی کے آپریشنز، سپلائی چین اور بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ کمپنی کے چیئرمین ژو ژونگ وانگ نے چائے کی کاشت، پراسیسنگ، تحقیق اور مارکیٹنگ کے مختلف پہلوؤں پر آگاہ کیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ماحولیاتی چائے کے باغات، جدید پیداواری سہولیات اور مربوط تقسیم کے نظام کے ذریعے مقامی فروخت اور برآمدات کو فروغ دیا جا رہا ہے، جبکہ کمپنی کا پلیٹ فارم کاشتکاروں، صنعت اور تحقیقی اداروں کو برانڈنگ اور عالمی مارکیٹ تک رسائی فراہم کرتا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے ویلیو ایڈیشن، ایگرو پروسیسنگ اور برآمدات کے فروغ کے شعبوں میں تعاون کے امکانات کو سراہتے ہوئے کمپنی کو پاکستان کے ساتھ مختلف شعبوں میں اشتراک کے مواقع تلاش کرنے کی دعوت دی۔

صدر مملکت نے کمپنی کی تاریخ پر مبنی گیلری کا دورہ کیا اور چائے کی پراسیسنگ اور ثقافت پر پریزنٹیشن بھی دیکھی، جبکہ ان کے اعزاز میں چائے کی خصوصی نشست کا بھی اہتمام کیا گیا۔

اس موقع پر سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر اور چیف سیکریٹری سندھ سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے، جبکہ چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ بھی موجود تھے۔