صدر زرداری کا ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ

0

شاؤشان : صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین ماؤ زے تُنگ کے آبائی شہر شاؤشان کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے اسٹیچو اسکوائر میں چیئرمین ماؤ کے مجسمے پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور چین کے انقلابی رہنما کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر کا استقبال سینئر پارٹی رہنما لی جیانگ اور ڈائریکٹر شاؤشان ایڈمنسٹریشن ژانگ شی ہوئی نے کیا۔ انہوں نے صدر کو چیئرمین ماؤ زے تُنگ کی زندگی اور جدوجہد سے آگاہ کیا اور شاؤشان میں ان کے ابتدائی دور اور ان عوامل پر روشنی ڈالی جنہوں نے ان کی سیاسی سوچ کو تشکیل دیا۔

صدر کو اس بات پر بھی بریفنگ دی گئی کہ اس طرح کےیادگاری ادارے تاریخی مواد کو محفوظ رکھنے اور چین کی انقلابی تاریخ سے متعلق عوامی آگاہی بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اسٹیچو اسکوائر پر ہونے والی تقریب کے بعد صدر نے ماؤ زے تُنگ میموریل میوزیم کا دورہ کیا، جہاں انہیں عوامی جمہوریہ چین کے بانی رہنما کی زندگی، فکر اور سیاسی ورثے سے متعلق آگاہ کیا گیا۔ انہوں نے تاریخی نوادرات، ریکارڈ اور تصاویر دیکھیں جن میں چین کی انقلابی تاریخ کے اہم مراحل کو پیش کیا گیا تھا۔

صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین ماؤ زے تُنگ کے چین کی تاریخی تبدیلی میں کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا اور عوامی جمہوریہ چین کی جدوجہد، اتحاد اور ترقی میں ان کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مقامات کا تحفظ جدید چین کی تشکیل میں کردار ادا کرنے والے عوامل کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے اور قومی ترقی میں تاریخی شعور کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

صدر کے ہمراہ دیگر کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن، علی حسن بروہی، وزیر اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے سرمایہ کاری و پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پراجیکٹس سید قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائی دونگ اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے.

Leave A Reply

Your email address will not be published.