مولانا فضل الرحمٰن اور دیگر ارکان قومی اسمبلی کی لفٹ میں پھنس گئے
اسلام آباد: قومی اسمبلی کی وی آئی پی لفٹ اچانک بند ہونے سے اس وقت سنسنی پھیل گئی جب لفٹ میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان، متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما فاروق ستار اور ان کی اہلیہ سمیت متعدد ارکانِ پارلیمنٹ سوار تھے۔
ذرائع کے مطابق لفٹ کی بندش کے باعث اندر موجود ارکان اسمبلی کو شدید گرمی اور گھٹن کا سامنا کرنا پڑا، جس سے بعض افراد کی طبیعت بھی ناساز ہونے لگی۔ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے اسٹاف نے فوری طور پر اسمبلی سیکریٹریٹ کے عملے کو آگاہ کیا۔
عملے نے چند منٹ کی کوششوں کے بعد لفٹ کو بحفاظت کھول لیا، جس پر ارکانِ اسمبلی نے اطمینان کا اظہار کیا۔
واقعے کے دوران لفٹ میں موجود رکنِ پارلیمنٹ سیما جیلانی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان دلچسپ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔
سیما جیلانی نے ہنستے ہوئے کہا، "مولانا صاحب دعا کریں، اتنی جلدی زمین میں جانے کا دل نہیں ہے۔”
جس پر مولانا فضل الرحمان نے مسکراتے ہوئے جواب دیا، "اللّٰہ سے دعا کریں، اللّٰہ رحم کرے گا۔”
واقعے کے بعد قومی اسمبلی کی لفٹوں کی تکنیکی جانچ پڑتال کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں تاکہ آئندہ اس قسم کے واقعے سے بچا جا سکے۔