خیبر میں کامیاب آپریشن: 22 دہشتگرد ہلاک، وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ضلع خیبر میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور جرات کو سراہا ہے۔
وزیراعظم نے کارروائی کے دوران 22 دہشتگردوں (خارجیوں) کو ہلاک کرنے پر فورسز کی کارکردگی کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی ادارے ملک میں امن کے قیام کے لیے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے دہشتگردوں کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 10 سالہ بچے کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور شہید کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کی۔
انہوں نے کہا کہ معصوم بچے کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف ایک ناقابلِ معافی جرم ہے، جس کی شدید الفاظ میں مذمت کی جاتی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کے درجات کی بلندی اور اہلِ خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور پاکستان کی پوری قوم، سیکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔