الیکشن کمیشن نے پاک سرزمین پارٹی کی رجسٹریشن ختم کر دی
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کی رجسٹریشن باضابطہ طور پر ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پارٹی کو ڈی لسٹ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد پی ایس پی اب بطور سیاسی جماعت انتخابی عمل میں حصہ لینے کی اہل نہیں رہے گی۔
واضح رہے کہ مصطفیٰ کمال اور انیس قائمخانی نے 23 مارچ 2016 کو کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ یہ جماعت شہری سندھ کی سیاست میں ایک اہم کردار ادا کرتی رہی۔
بعد ازاں 12 جنوری 2023 کو پی ایس پی نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان میں باضابطہ طور پر انضمام کا اعلان کیا، جس کے بعد پارٹی کی عملی سیاسی سرگرمیاں ختم ہو گئی تھیں۔
سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق الیکشن کمیشن کا یہ اقدام قانونی تقاضے پورے کرنے اور غیر فعال جماعتوں کو انتخابی فہرست سے خارج کرنے کی پالیسی کا حصہ ہے۔