وزیراعظم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح اجلاس، علاقائی و داخلی سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ
اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت علاقائی اور ملکی سیکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، داخلی امن و امان اور پاکستانی شہریوں کی بیرونِ ملک حفاظت سے متعلق امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران خطے کی تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کا جامع تجزیہ کیا گیا اور پاکستان کی جانب سے قیامِ امن کے لیے سفارتی و انتظامی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان خطے میں استحکام اور امن کے فروغ کے لیے اپنا ذمہ دارانہ کردار جاری رکھے گا۔
اجلاس میں افغانستان کی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور سرحدی سلامتی و علاقائی ہم آہنگی کے امور زیر غور آئے۔
اس کے علاوہ ملک کی داخلی سیکیورٹی اور امن و امان کی مجموعی کیفیت پر متعلقہ اداروں نے بریفنگ دی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کے انخلاء کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ دفتر خارجہ نے اجلاس کو شہریوں کی بحفاظت واپسی کے انتظامات سے آگاہ کیا۔
بتایا گیا کہ آذربائیجان کے ذریعے ایرانی سرزمین سے پاکستانی شہریوں کے انخلاء کو ممکن بنایا جا رہا ہے، جس کے لیے سفارتی روابط اور عملی اقدامات تیزی سے جاری ہیں۔
اجلاس میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفینس فورسز، وفاقی وزراء احسن اقبال، محسن نقوی، اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، معاونِ خصوصی طارق فاطمی سمیت اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان اپنی قومی سلامتی، علاقائی امن اور بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔