شہباز شریف کا پشین آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین

0

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع پشین میں بھارتی حمایت یافتہ فتنۃ الخوارج کے چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔

 پیر کو جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ’’عزمِ استحکام‘‘ کے ویژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف مؤثر اور کامیاب کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے خلاف آپریشنز قومی سلامتی کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں اپنی بہادر افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے اور قیامِ امن تک یہ جدوجہد جاری رہے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.