پشین میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب آپریشن، صدر کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

0

اسلام آباد: صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ضلع پشین میں فتنہ الخوارج کے خلاف کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے پیر کو جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے کہا کہ بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے خلاف کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے غیر متزلزل قومی عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز ملک دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہی ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

صدرِ مملکت کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے عفریت کے مکمل خاتمے تک ریاست کی جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی سلامتی اور استحکام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور دہشت گرد عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

صدر آصف علی زرداری نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.