پاکستان اور چین مل کر ستاروں پہ کمند ڈالیں گے،شہباز شریف
اسلام آباد: وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے خلائی مشن کو قومی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی نہ صرف سائنسی میدان میں پیش رفت کی علامت ہے بلکہ پوری قوم کیلئے باعثِ فخر بھی ہے۔

وزیرِ اعظم نے ان خیالات کا اظہار پاکستانی خلا بازوں خرم داؤد اور محمد ذیشان علی سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیرِ منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکریٹری خارجہ آمنہ بلوچ، چیئرمین سپارکو محمد یوسف خان، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ اور سپارکو کے خلاباز اتاشی حسنین افتخار بھی موجود تھے۔

وزیرِ اعظم نے خلا بازوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان خلا بازوں سے ملاقات کر کے دلی خوشی ہوئی۔ آپ کا خلائی مشن پر تحقیق کیلئے جانا پاکستان کیلئے ایک تاریخی لمحہ ہے اور پوری قوم کیلئے باعثِ فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ اپنی محنت، لگن اور عزم کے ذریعے اس مقام تک پہنچے ہیں جو قابلِ ستائش ہے اور امید ہے کہ آپ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا باب رقم کریں گے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ چین کے تعاون سے خلائی تحقیق کے شعبے میں پیش رفت دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی اور یہ شراکت داری نئی جہتوں کا اضافہ کرے گی۔
انہوں نے چینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی اب خلائی میدان میں بھی نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور دونوں ممالک ستاروں تک رسائی کیلئے مشترکہ سفر جاری رکھیں گے۔

چینی سفیر نے وزیرِ اعظم کے خیالات کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خلائی تحقیق میں تعاون خوش آئند ہے اور اسے مزید فروغ دیا جائے گا۔
ملاقات کے دوران خلا بازوں نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے خلاء میں تحقیق کے فرائض سرانجام دینا ان کیلئے اعزاز کی بات ہے۔