آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان اہم مذاکرات، پاک بھارت میچ پر پیش رفت کا امکان

0

لاہور : انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان اہم مذاکرات پانچ گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہے۔

مذاکرات میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور پاک بھارت میچ سے متعلق معاملات پر تفصیلی غور کیا گیا۔


ذرائع کے مطابق پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میچ کے حوالے سے آئندہ 24 گھنٹوں میں اہم پیش رفت کا امکان ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس معاملے پر اپنا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا، جس کے بعد آئی سی سی نے مختلف تجاویز پر سنجیدگی سے غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے مطالبات پر مثبت ردعمل دیتے ہوئے ورلڈکپ سے باہر ہونے کے بعد ازالے کے لیے ایک فارمولہ تیار کر لیا ہے۔ اس ضمن میں آئی سی سی اور بنگلادیشی بورڈ کے درمیان تجاویز کا باقاعدہ تبادلہ بھی ہوا۔


پاکستان کرکٹ بورڈ نے مذاکرات میں باہمی رابطہ کار کا کردار ادا کیا اور فریقین کے درمیان پل کا کام انجام دیا۔ آئی سی سی کے ڈپٹی چیئرمین عمران خواجہ آئی سی سی بورڈ سے تجاویز کی حتمی منظوری حاصل کریں گے۔

دوسری جانب بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام مذاکرات کی تفصیلات سے اپنی حکومت کو ڈھاکا میں آگاہ کریں گے۔ باہمی فارمولے پر اتفاق کے بعد آج دوپہر آئی سی سی اور بی سی بی کے درمیان دوبارہ رابطہ متوقع ہے۔


ذرائع کے مطابق اگر تمام فریقین میں اتفاق رائے ہو گیا تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے اہم اعلان جلد سامنے آ سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.