صدر زرداری کی جاپان کی وزیرِاعظم سانے تاکائیچی کو انتخابی کامیابی پر مبارکباد
اسلام آباد:صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے جاپان کی وزیرِاعظم سانے تاکائیچی کو ایوانِ زیریں کے انتخابات میں ان کی جماعت لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) کی تاریخی اور بھاری اکثریت سے کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کی ہے، جس کے نتیجے میں پارٹی نے ایوانِ نمائندگان میں واضح اکثریت حاصل کی۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ یہ فیصلہ کن انتخابی کامیابی وزیرِاعظم سانے تاکائیچی کی قیادت پر جاپانی عوام کے بھرپور اعتماد اور جاپان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنانے کے عزم کی عکاس ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ غیرمعمولی عوامی مینڈیٹ، جو 1955 کے بعد لبرل ڈیموکریٹک پارٹی کے لیے ایک ریکارڈ حیثیت رکھتا ہے، ایک نازک مرحلے پر جاپان کے لیے وزیرِاعظم سانے تاکائیچی کی پالیسی سمت اور طرزِ حکمرانی کے ایجنڈے کی عوامی توثیق ہے۔
صدرِ مملکت نے وزیرِاعظم سانے تاکائیچی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ جاپانی عوام کی جانب سے سونپی گئی ذمہ داریوں کو کامیابی سے نبھائیں گی، اور ان کی قیادت میں جاپان استحکام، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے گا۔
صدر آصف علی زرداری نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ کے لیے پاکستان کی خواہش کا بھی اعادہ کیا، تاکہ دونوں ممالک کے عوام اس شراکت داری سے مستفید ہو سکیں۔