سیکیورٹی خلاف ورزی, زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے ذمہ داری اپنے سر لے لی
کراچی:مبینہ سیکیورٹی خلاف ورزی کے معاملے میں زمبابوے کے آل راؤنڈر سکندر رضا نے تمام ذمہ داری اپنے سر لے لی اور واضح کیا ہے کہ پاکستانی فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا اس معاملے میں کوئی قصور نہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سکندر رضا نے کہا کہ ہوٹل میں قریبی دوستوں اور اہل خانہ سے ملاقات کے لیے درخواست انہوں نے خود کی تھی، جس پر لاہور قلندرز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے صرف سہولت فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ شاہین آفریدی نے کسی پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا بلکہ ان کی درخواست پر مہمانوں کو کمرے تک لے جایا گیا۔
سکندر رضا نے کہا کہ اگر ہوٹل کمروں میں ملاقات سے متعلق کوئی سخت ایس او پیز موجود تھے تو انہیں اس کا علم نہیں تھا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ اگر کوئی خلاف ورزی ہوئی ہے تو اس کی مکمل ذمہ داری ان پر عائد ہوتی ہے، شاہین آفریدی پر نہیں۔ ان کے مطابق نہ تو کسی قسم کی زبردستی کی گئی اور نہ ہی سیکیورٹی عملے سے کوئی تنازع پیش آیا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ دونوں کھلاڑیوں نے مبینہ طور پر غیر مجاز افراد کو ہوٹل کے کمروں تک رسائی دی، جس پر پنجاب پولیس نے سیکیورٹی ضوابط کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ اور پی ایس ایل انتظامیہ کو خط ارسال کیا تھا۔
سکندر رضا نے گفتگو کے دوران یہ بھی کہا کہ وہ اور شاہین آفریدی گزشتہ 19 برس سے قریبی دوست ہیں اور سال بھر مصروفیات کے باعث اہل خانہ سے ملاقات کے مواقع کم ملتے ہیں، اسی لیے انہوں نے یہ انتظام کیا تھا۔