اٹلی ورلڈ کپ سے باہر،فٹبال کی دنیا میں بڑا اپ سیٹ ہو گیا
میلان : فٹبال کی دنیا میں بڑا اپ سیٹ گیا۔
چار مرتبہ کا عالمی چیمپئن اٹلی عالمی کپ 2026 کی دوڑ سے باہر ہو گیا۔
یورپی پلے آف کے سنسنی خیز مقابلے میں بوسنیا کی ٹیم نے اٹلی کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا۔ مقررہ وقت میں اٹلی کو ایک گول کی برتری حاصل تھی، تاہم ایک کھلاڑی کے باہر ہونے کے بعد ٹیم برتری برقرار نہ رکھ سکی اور میچ 1-1 سے برابر ہو گیا، جس کے بعد پنالٹیز پر اٹلی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب عراق کی فٹ بال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بین البراعظمی پلے آف میں بولیویا کو 1-2 سے شکست دے کر 40 سال بعد عالمی کپ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
مونتری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں ایمن حسین نے دوسرے ہاف میں فیصلہ کن گول کر کے ٹیم کو تاریخی کامیابی دلائی۔

اسی طرح ترکیہ کی فٹ بال ٹیم نے یورپی پلے آف فائنل میں کوسوو کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 0-1 سے شکست دے کر 24 سال بعد عالمی کپ میں جگہ بنا لی۔
میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول 53ویں منٹ میں کریم آکتورک اوغلو نے کیا، جبکہ کنان یلدرم اور اورکون کوکچو نے اہم کردار ادا کیا۔
دریں اثنا فیفا نے عالمی کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے حتمی قرعہ اندازی کا بھی اعلان کر دیا ہے، جس کے تحت 48 ٹیموں کو 12 گروپس میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔