چینی صدر اور وزیرِ اعظم کا اسلام آباد بم دھماکے پر پاکستانی قیادت سے اظہارِ تعزیت
بیجنگ/اسلام آباد:چین کے صدر شی جن پھنگ نے اسلام آباد میں ہونے والے بم دھماکے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔

اپنے پیغام میں صدر شی جن پھنگ نے دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے چین کی حکومت اور عوام کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی تعزیت اور زخمیوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
چینی صدر نے کہا کہ چین ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مخالفت کرتا ہے اور بے گناہ شہریوں کے خلاف تشدد اور دہشت گرد کارروائیوں کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی عوام ہمیشہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

شی جن پھنگ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ چین پاکستان کی حکومت کی انسدادِ دہشت گردی کی کوششوں، قومی استحکام اور عوام کی سلامتی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری جانب چین کے وزیرِ اعظم لی چھیانگ نے بھی اسلام آباد بم دھماکے پر وزیرِ اعظم شہباز شریف کے نام تعزیتی پیغام ارسال کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور ہمدردی کا اظہار کیا۔