نکہ کہوٹ کے قریب مسافر بس اور کار میں خوفناک تصادم، ایک زخمی
تلہ گنگ: نواحی علاقے نکہ کہوٹ کے قریب تیز رفتار مسافر بس اور کار کے درمیان ہونے والے شدید تصادم میں ایک شخص بری طرح زخمی ہو گیا۔
حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے زخمی کو طبی امداد فراہم کر دی۔
ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق ریسکیو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم چکوال کو حادثے کی اطلاع ملتے ہی تلہ گنگ میں قائم قریبی کی پوائنٹ سے ایمبولینس اور ریسکیو عملہ فوری طور پر جائے وقوعہ پر روانہ کر دیا گیا۔
ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کر حادثے کا جائزہ لیا اور کار میں سوار زخمی شخص کو فوری طور پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی، جس کے بعد اسے مزید علاج کے لیے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تلہ گنگ منتقل کر دیا گیا۔
زخمی ہونے والے شخص کی شناخت 40 سالہ محمد راشد کے نام سے ہوئی ہے، جو گاؤں دروٹ کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی کو سر پر گہری چوٹیں آئیں، تاہم بروقت طبی امداد کے باعث اس کی حالت قابو میں ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب مسافر بس تلہ گنگ کی جانب جبکہ کار چکوال کی طرف جا رہی تھی کہ نکہ کہوٹ کے قریب دونوں گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔