نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار سے روسی سفیر کی ملاقات
اسلام آباد: نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں روسی فیڈریشن کے سفیر البرٹ پی خورَیف نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
دفترِ خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں فریقین نے پاکستان اور روس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے سیاسی، اقتصادی اور سفارتی شعبوں میں روابط کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
روسی سفیر نے اسلام آباد میں نمازِ جمعہ کے دوران ایک مسجد میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ نے اس دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام اقسام اور صورتوں کے خلاف پرعزم ہے۔
انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے اظہارِ یکجہتی کیا اور شہداء کے لیے دعائے مغفرت کی۔