اسلام آباد حملہ:صدر پیوٹن کا صدر زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کو تعزیتی پیغام
ماسکو: روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کو تعزیتی خطوط ارسال کیے ہیں۔
اپنے پیغام میں روسی صدر نے حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مذہبی تقریب کے دوران افراد کا قتل دہشت گردی کی بربریت اور غیر انسانی سوچ کا واضح ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ روس اس مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔
صدر پیوٹن نے دہشت
گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ روس اس خطرے کے خاتمے کے لیے اپنے پاکستانی شراکت داروں کے ساتھ قریبی اشتراک جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔
روسی صدر نے جاں بحق افراد کے اہلِ خانہ اور لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔