ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران خودکش دھماکہ، 31 شہید، 160 سے زائد زخمی
اسلام آباد: ترلائی میں نمازِ جمعہ کے دوران مسجد میں خودکش دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں 31 افراد شہید جبکہ 160 سے زائد افراد زخمی ہو گئے۔ دھماکے کے بعد علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق خودکش حملہ آور نے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، تاہم وہاں موجود نمازیوں نے اسے روک لیا۔ اسی دوران حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جس کے باعث بھاری جانی نقصان ہوا۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا، جہاں متعدد افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
دھماکے کے فوراً بعد سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا، جبکہ بم ڈسپوزل اسکواڈ نے شواہد اکٹھے کر لیے۔
واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور سیکیورٹی ادارے مختلف پہلوؤں سے واقعے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب اعلیٰ حکام نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے زخمیوں کو فوری طبی سہولیات فراہم کرنے اور واقعے میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانے کی ہدایت کی ہے۔
شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔