شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ہر وقت کوشاں ہوں، احسن جمال خان
چکڑالہ: رکن قومی اسمبلی احسن جمال خان نے کہا ہے کہ شہریوں کے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد ان کی سیاست کا محور ہے اور حلقے کے عوام کے دکھ درد میں شریک ہونا وہ اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ممبر قومی اسمبلی احسن جمال خان نے چکڑالہ کا تعزیتی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ملک اسلم چکڑالہ کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور مرحومہ کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق چیئرمین یونین کونسل بن حافظ جی ملک فتح خان اعوان، معروف سیاسی و سماجی رہنما ملک زاہد خلیل اعوان، معروف صحافی و صدر انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ یوتھ ونگ ضلع میانوالی ملک حفیظ اللہ اعوان، سینئر صحافی و چیئرمین ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس تلہ گنگ امتیاز احمد، سماجی شخصیت ملک عابد جدھال، ملک محمد ایوب سمیت دیگر معززین موجود تھے۔
تعزیتی اجتماع سے گفتگو کرتے ہوئے ایم این اے احسن جمال خان نے کہا کہ قومی اسمبلی میں منتخب اراکین کو بلا تفریق اپنے حلقوں کے مسائل اجاگر کرنے کا پورا حق ملنا چاہیے۔
انہوں نے شکوہ کیا کہ حکومتی اراکین کو ایوان میں بھرپور وقت دیا جاتا ہے، جبکہ اپوزیشن بینچز پر بیٹھنے والے اراکین کے ساتھ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا ہے، جس کے باعث حلقے کے عوام کے مسائل موثر انداز میں پیش نہیں ہو پاتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کے دکھ سکھ میں ہمیشہ شریک رہیں گے اور عوام بھی باشعور ہیں، جو بخوبی جانتے ہیں کہ ان کا حقیقی اور مخلص نمائندہ کون ہے۔