پنجگور میں کامیاب کارروائی پر وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے کارروائی کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام کے ویژن کے تحت سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف مسلسل اہم کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اس جنگ میں پوری قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ریاست دشمن عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ حکومت ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور امن و استحکام کے قیام تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔