اٹارنی جنرل کی ضلع تلہ گنگ کو فعال کرنے کے لیے تعاون کی یقین دہانی
اسلام آباد:ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ضلع تلہ گنگ کی نو منتخب کابینہ نے صدر ملک غلام اکبر اعوان ایڈووکیٹ کی قیادت میں اٹارنی جنرل آف پاکستان ملک منصور عثمان اعوان سے اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔
وفد میں جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ملک خادم حسین، پروفیشنل گروپ کے رہنما ملک ریاض اعوان موگلہ، معروف سماجی شخصیت ملک شمیض اعوان تھوہا محرم خان اور سابق ڈی جی کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی ملک غلام مرتضیٰ اعوان شامل تھے۔
نہایت خوشگوار ماحول میں ہونے والی طویل ملاقات کے دوران صدر ڈسٹرکٹ بار تلہ گنگ ملک غلام اکبر اعوان نے فعالی ضلع تلہ گنگ، ڈسٹرکٹ بار کے مسائل، وکلاء چیمبرز کی کمی اور وکلاء کو درپیش دیگر مشکلات کے حوالے سے اٹارنی جنرل کو تفصیلی بریفنگ دی۔
اس موقع پر ملک غلام اکبر اعوان نے اٹارنی جنرل آف پاکستان کو تلہ گنگ کے دورے کی دعوت بھی دی جسے ملک منصور عثمان اعوان نے قبول کرتے ہوئے جلد دورے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ڈسٹرکٹ بار تلہ گنگ اور وکلاء کی ویلفیئر کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کریں گے۔
ملاقات کے دوران معروف سماجی شخصیت ملک شمیض اعوان نے فعالی ضلع تلہ گنگ کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی درخواست کی اور وادی سون کنٹی باغ تا تھوہا محرم خان روڈ کی منظوری سے متعلق معاملہ بھی اٹارنی جنرل کے سامنے رکھا، جس پر انہوں نے ہر ممکن کوشش کی یقین دہانی کرائی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز ریجنل یونین آف جرنلسٹس ڈسٹرکٹ تلہ گنگ کے وفد نے تلہ گنگ بار میں نو منتخب عہدیداران سے ملاقات کے دوران ضلع تلہ گنگ کی فعالی کے لیے کردار ادا کرنے کی درخواست کی تھی، جس پر صدر ڈسٹرکٹ بار ملک غلام اکبر اعوان اور جنرل سیکرٹری ملک خادم حسین نے یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ ضلع فعالی کے معاملے کو ہر فورم پر ترجیحی بنیادوں پر اجاگر کریں گے۔