ترحدہ ٹال پلازہ کے خلاف احتجاج، ملک شہر یار کا رابطہ ،این ایچ اے حکام کی فوری حل کی یقین دہانی

0

تلہ گنگ: ترحدہ ٹال پلازہ پر مقامی عوام کے تحفظات، این ایچ اے نے فوری حل کی یقین دہانی کرا دی۔

تلہ گنگ کے علاقے ترحدہ میں قائم ٹال پلازہ پر مقامی گاڑیوں سے ٹول ٹیکس وصولی کے معاملے نے شدت اختیار کر لی ہے، جس کے باعث عوامی سطح پر شدید تشویش اور ردِعمل سامنے آ رہا ہے۔

مقامی شہریوں کی جانب سے مسلسل احتجاج اور شکایات کے بعد معاملہ اعلیٰ حکومتی سطح تک پہنچ گیا ہے۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، ملک شہریار اعوان نے مقامی عوام کے مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) کو باضابطہ خط تحریر کیا۔

خط میں انہوں نے نشاندہی کی کہ ترحدہ ٹال پلازہ پر مقامی رہائشیوں سے روزانہ کی بنیاد پر ٹول وصولی عوام کے لیے شدید مشکلات، ذہنی دباؤ اور معاشی بوجھ کا سبب بن رہی ہے۔

ملک شہریار اعوان نے اپنے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ مقامی شہری اپنی روزمرہ ضروریات، کاروبار اور سفر کے لیے اسی سڑک کو استعمال کرنے پر مجبور ہیں، جس کے باعث بار بار ٹول ادا کرنا ان کے لیے ناقابلِ برداشت صورتحال اختیار کر چکا ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اگر اس مسئلے کو فوری طور پر حل نہ کیا گیا تو اس سے امن و امان کی صورتحال بھی متاثر ہو سکتی ہے۔

چیئرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) اسد اللہ خان نے اس مراسلے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے یقین دہانی کروائی ہے کہ ترحدہ ٹال پلازہ کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ این ایچ اے عوامی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے جلد ایسے عملی اور قابلِ عمل اقدامات کرے گی جن سے مقامی آبادی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

چیئرمین این ایچ اے نے مزید واضح کیا کہ ادارہ عوامی مسائل سے بخوبی آگاہ ہے اور ترحدہ ٹال پلازہ پر مقامی لوگوں کے تحفظات کے ازالے کے لیے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، تاکہ عوام دوست حل سامنے لایا جا سکے۔

اس پیش رفت کے بعد عوامی حلقوں اور مقامی عمائدین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی ترحدہ اور اس کے گرد و نواح کے رہائشیوں کو ٹول ٹیکس کے مسئلے سے نجات ملے گی اور مقامی عوام کو درپیش مشکلات کا مستقل حل نکالا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.